بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 146 واں یوم پیدائش

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، برصغیر پاک و ہند کے مسلمان عظیم قائد کی بدولت آج آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں.

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے سلسلے میں لاہور سمیت ملک بھر میں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ قائد اعظم محمد علی جنا ح کے سالگرہ کے سلسلہ میں کیک کاٹے جائیں گے اوربابائے قوم کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ شخص برصغیر کے مسلمانوں کی زندگی تبدیل کر دے گا۔ اپنی انتھک جدوجہد بہترین قیادت اصولوں پر ڈٹے رہنے والی شخصیت نے وہ کارنامہ سرانجام کر دکھایا جو رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لئے یادگار رہے گا۔ ایک وکیل کی حیثیت سے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد علی جناح نے انڈین نیشنل کانگریس اور پھر مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی۔

تو ہی شمع کارواں ہے تو ہی منزل کی فلاح

زندہ و پائندہ باد اے قائد اعظم محمد علی جناح

اپنی سیاست کے ابتدائی ادوار میں انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کے لئے کام کیا لیکن جلد ہی یہ بھانپ لیا کہ ہندو اکثریت میں رہ کر مسلمانوں کو برصغیر میں ہمیشہ کیلئے محکوم قوم بناکر رکھنا چاہتے ہیں۔ آپ کی جدوجہد قلیل عرصے میں مسلمانوں کو ان کی جداگانہ شناخت نظریات ثقافت اور روایات کو پروان چڑھانے کے لئے علیحدہ مملکت خداد کی صورت میں سامنے آئی۔

قائداعظم محمدعلی جناح دنیا کی چند ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔


0/Post a Comment/Comments